امریکہ، 26ستمبر(ایجنسی) امریکی صدارتی انتخابات کے دونوں امیدواروں ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان تین میں سے پہلے ٹی وی مباحثے کا بے چینی سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ انتخابات سے چھ ہفتے قبل ڈیموکریٹس کی خاتون امیدوار اور ری پبلکن پارٹی کے امیدوار کو اکتالیس اکتالیس فیصد کے ساتھ رائے عامہ کے جائزوں میں یکساں حمایت
حاصل ہے۔ ان امیدواروں کے خیالات جان کر وہ رائے دہندگان کسی ایک یا دوسرے امیدوار کے حق میں فیصلہ دے سکتے ہیں، جو اب تک کسی بھی امیدوار کی حمایت نہیں کر رہے اور اُنہی کے ووٹ فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔ ٹرمپ اس مباحثے سے کچھ پہلے خاص طور پر یہودی ووٹروں کی تائید و حمایت حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً نوّے ملین امریکی شہریوں کی ایک ریکارڈ تعداد یہ ٹی وی مباحثہ دیکھے گی۔